کولکاتہ ،03؍ ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) اربوں روپے کے شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ معاملہ کی جانچ کر رہی مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی)کے حکام نے پیر کے روز ایک بار پھر ترنمول کانگریس کے سابق راجیہ سبھا ایم پی کنال گھوش سے پوچھ گچھ کی ہے۔ صبح 09بجے کے قریب کنا ل گھوش سی بی آئی دفتر پہنچے تھے جہاں ان سے پوچھ گچھ شروع کی گئی ۔
ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق سی بی آئی حکام نے کنال گھوش سے تقریباً 4 گھنٹے پوچھ گچھ کی اور ان کا بیان بھی ریکارڈکیا۔سی بی آئی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کنال گھوش معاملہ کی اہم کڑی رہے ہیں۔
شارداگروپ نے میڈیا کاروبار میں ایک بڑی رقم کی سرمایہ کاری کی تھی جس کے سربراہ کنال گھوش تھے۔ اس کے ذریعہ حکمراں پارٹی کی وسیع تر پیمانے پر تشہیر کی گئی تھی۔ نقصان ہونے کے باوجود شاردا گروپ کے سربراہ نے میڈیا کاروبار کو جاری رکھا تھا۔ بازار سے آنے والے روپے کے لین دین کو لے کر حکمراں پارٹی کے کئی بڑے رہنماؤں کو سمن بھیجنے کی تیاری سی بی آئی کر رہی ہے۔ اس کے پہلے اس سے جڑے کئی اہم ثبوتوں کو کنال گھوش کے ذریعہ ازسرنو سمجھنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔